اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی سزا معطل کرکے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطلی کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری پر مشتمل بینچ نے محفوظ فیصلہ سنادیا۔
ہائیکورٹ نے پانچ اگست کو ٹرائل کورٹ کی جانب سے سنایا گیا فیصلہ معطل کردیا اور عمران خان کو ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔
عمران خان سزا معطل ہونے پر بھی اٹک جیل سے فوری رہا نہیں ہوسکیں گے، ذرائع
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی توشہ خانہ کیس میں سزا معطل ہونے کی صورت میں بھی اٹک جیل سے فوری رہا نہیں ہوسکیں گے کیونکہ وہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے مقدمے میں بھی باقاعدہ گرفتار ہیں اور 30 اگست تک جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں۔ عدالت نے 30 اگست کو چیئرمین ہی ٹی آئی کو پیش کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔
ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو رہائی کے لیے سائفر کنٹینٹ لیک مقدمے میں بھی ضمانت کرانا پڑے گی۔ ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ کی تفتیشی ٹیم نے چیئرمین پی ٹی آئی کو باقائدہ طور پر شامل تفتیش بھی کررکھا ہے۔ تفتیشی ٹیم چند دن قبل بھی اٹک جیل جاکر چیرمین پی ٹی آئی سے تفتیش کرچکی ہے۔
ایف آئی اےانسداد دہشت گردی ونگ میں چیرمین پی ٹی آئی اور وائس چیرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کے خلاف براہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہے۔ مقدمے میں سابق سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی اسد عمر اور سابق وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کے کردار کا تعین تفتیش میں کرنے کا تحریر کر رکھا ہے۔
گزشتہ روز کی سماعت کا احوال
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل لطیف کھوسہ اور الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے لطیف کھوسہ بطور وکیل پیش ہوئے اور کہا کہ ملاقات والی درخواست پر آرڈر کردیں اس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ امید ہے آج ویسے ہی سزا معطلی کی درخواست طے ہوجائے گی۔
الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز نے دلائل میں کہا کہ کیس میں پبلک پراسیکیوٹر کو بھی نوٹس کیا جانا ضروری ہے اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ شکایت تو الیکشن کمیشن نے فائل کی تھی ریاست نے نہیں، ٹرائل کورٹ میں آپ نے یہ بات نہیں کی آج آپ پہلی بار یہ بات کہہ رہے۔
الیکشن کمیشن کے وکیل نے بھارتی سیاست دان راہول گاندھی کیس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت میں راہول گاندھی کیس میں پرائیویٹ کمپلینٹ کیس میں دو سال کی قید تھی، راہول گاندھی نے سزا معطلی کی درخواست دائر کی جو خارج کر دی گئی، عدالت نے فیصلہ دیا کہ سزا معطل کرنا کوئی ہارڈ اینڈ فاسٹ رول نہیں ہے۔