اہم خبریں کھیل

ایشیا کپ: نیپالی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سندیپ منگل کوپاکستان پہنچیں گے

کراچی: نیپالی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سندیپ لامیچھانےایشیا کپ میں شرکت کے لیے منگل کی صبح پاکستان پہنچ رہے ہیں، وہ ممکنہ طور پربدھ کوملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ایشیا کپ کے افتتاحی میچ میں پاکستان کے خلاف میچ میں نیپالی ٹیم میں شامل ہوں گے۔

23 سالہ اسپنر پر گزشتہ سال اگست میں17 سالہ لڑکی سے زیادتی کا الزام عائد کیا گیا تھا،عدالتی کارروائی کے سبب وہ نیپالی ٹیم کے ساتھ پاکستان روانہ نہیں ہوسکے تھے،اتوار کو کٹھمنڈو ڈسٹرکٹ کورٹ میں ان کے مقدمے کی سماعت 7 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی تھی۔

کرکٹ ایسوسی ایشن آف نیپال کے قائم مقام سیکریٹری درگا راج پاٹھک کا کہنا ہے کہ  سندیپ خلیجی پرواز کے ذریعے کھٹمنڈو سے پاکستان کے لیے روانہ ہو چکے ہیں، وہ منگل کو ملتان پہنچ جائیں گے۔

واضح رہے کہ گرفتاری کے وارنٹ  جاری ہونے  کے بعد نیپالی ٹیم کی قیادت سے سبکدوش کردیے جانے والے سندیپ کو اکتوبر میں تریبھون بین الاقوامی ہوائی اڈے سے حراست میں لیا گیا تھا، تاہم بعدازاں انہیں ضمانت پر رہا کردیا گیا تھا۔

رہائی کے بعد  سندیب لامیچھانے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر میں شرکت کےلیے زمبابوے بھی گئے تھے۔

LEAVE A RESPONSE

Your email address will not be published. Required fields are marked *